وزیراعظم کابطور ثالث اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنا تاریخی سفارتی کامیابی ہے: انجینئر امیر مقام

وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی تاریخی کامیابی پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی سفارتی ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
یہاں جاری بیان میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی مؤثر سفارتکاری اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز رہنمائی نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک ذمہ دار، بااعتماد اور مؤثر ریاست کے طور پر مزید مستحکم کیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے بطور ثالث اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنا پاکستان کے لیے ایک عظیم اعزاز اور تاریخی سفارتی کامیابی ہے۔ اس مفاہمتی یادداشت پر امریکہ کے صدر ڈونلڈٹرمپ اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے دستخط موجود ہیں جو پاکستان پر عالمی برادری کے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔ یہ پیش رفت خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے سینئر سفارتکاروں اور وزارت خارجہ کی پوری ٹیم کی شاندار کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قومی مفادات کے تحفظ اور پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں غیر معمولی کردار ادا کیا ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے قومی مفادات کے تحفظ، علاقائی امن کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافے کے لیے قابل ستائش خدمات انجام دی ہیں۔
انہوں نے اس تاریخی کامیابی کو پوری قوم کے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان مستقبل میں بھی عالمی امن، استحکام اور سفارتی ہم آہنگی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔